کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، کوہاٹ پولیس، خوراک، زراعت، معدنیات، سی اینڈ ڈبلیو، ایکسائز و اینٹی نارکاٹکس کے محکموں، کسٹم اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ حکام کو جوائنٹ چیک پوسٹ پر موجود ہمہ وقت رہنے اور اشیاء خوردونوش و دیگر اشیاء اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔ان کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی روک تھام وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔