مانسہرہ (مانند نیوز )وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے مشیر خزانہ مذمل اسلم سے انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور ان سے اپنے حلقہ نیابت مانسہرہ پی کے 38 میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مانسہرہ میں تعلیم وصحت، ابنوشی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں نئی سکیموں کی شمولیت اور انکی بروقت تکمیل کیلئے بعض تجاویز پیش کیں۔ زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ مانسہرہ ایک بہترین سیاحتی علاقہ ہونے کے باوجود پسماندگی کا شکار ہے جبکہ ماضی کی حکومتوں میں اسے مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا ہے اور ترقی صرف پی ٹی آئی کے مختصر ادوار حکومت میں ہوتی ہوئی دکھائی دی ہے۔ دونوں وزراء نے اس بات سے اتفاق کیا کہ صوبے کو درپیش مالی چیلنجوں سے جلد ہی بطریق احسن نمٹ لیا جائے گا جبکہ اگلے پانچ برسوں میں صوبہ کے دوسرے نظر انداز شدہ علاقوں کی طرح مانسہرہ میں بھی تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ مانسہرہ جیسے پرفضا سیاحتی خطے میں سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے سے یہاں کے لوگوں کی معاشی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے کی آمدن میں بھی زبردست اضافہ ہوگا۔ مشیر خزانہ نے زاہد چن زیب کو یقین دلایا کہ نئے بجٹ میں مانسہرہ میں تمام شعبوں کی ترقی کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے جائیں گے اور تعلیم و صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے علاؤہ سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے جن میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ترغیبات کی تجاویز بھی شامل ہیں۔