ہنگو (مانند نیوز )ضلع ہنگو کے تحصیل ٹل اور تحصیل دوآبہ میں امن و امان سے متعلق ٹل سکاوٹس میں گرینڈ جرگہ ہوا جس میں کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس سخاوت حسین، ڈپٹی کمشنر ہنگو حیدر حسین، ڈی پی او ہنگو محمد خالد اور میجر عادل سمیت ٹل، نریاب، دوآبہ، طورہ وڑی اورکربوغہ سمیت دیگر اقوام کے مشران اورمتعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ ٹل سکاوٹس سخاوت حسین نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے علاقہ مشران کا تعاون انتہائی ضروری ہے فورسز کی طرف سے بھی اس سلسلے میں بھر پور تعاون کیاجائیگا۔انہوں نے حالیہ دنوں میں ہونے والے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا روک تھام ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔انہوں نے علاقائی مسائل اور معاملات جرگے کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ مشران کی امن و امان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون دشمن قوتوں کو پاکستان میں امن ایک آنکھ نہیں بھاتی اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے پاکستان میں امن خراب ہو لیکن ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے کہ ایسے سازشوں کو ہر صورت ناکام بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو حیدر حسین نے کہا کہ ذاتی معاملات کو قومی رنگ نہیں دینا چاہیے آپس میں مل بیٹھ کر مسائل حل کریں انتظامیہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر دوآبہ اور وزیر قوم کے درمیان جاری تنازعے کے حل کیلئے جرگے کا اعلان بھی کر دیا۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں واقعات میں بے گناہ لوگوں کی شہادت پر انتہائی اظہارِ افسوس کرتے ہوئے واضح کیا کہ علاقے کے امن و امان کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔ڈی پی او محمد خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ شرپسندوں کے خلاف جنگ میں عوام کے تعاون سے کامیابی حاصل کی ہے اور شاید عوام کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔اس لئے علاقے میں امن برقرار رکھنا ہم سب کا بنیادی فرض ہے۔اسلحے کی نمائش پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اسلحے کی نمائش پر ضلع بھر میں پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ کرپٹ افسران اور اہلکاروں کیلئے ہنگو پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے اگر کسی سے غیر قانونی ڈیمانڈ کی گئی وہ انہیں رپورٹ کریں۔اس موقع پر مشران ملک عبدالوحید، ثناء اللہ، ملک حسن محمود، ناظم لال مرجان، ملک دولت، ملک اختر اور دیگر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کا انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون ہوگا اور ہنگو کے پر امن حالات کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔