پشاور(مانند نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب نے صوبہ بھر میں محکمہ سیاحت و ثقافت اور ٹورازم اتھارٹیز کے زیرانتظام سرکاری ریسٹ ہاؤسز میں وی آئی پی شخصیات اور فیملیز کے مفت قیام پر فوری طور پر پابندی عائد کی ہے اور اس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ مشیر سیاحت نے یہ اقدام بعض عوامی شکایات کی روشنی میں اٹھایا ہے۔ انہیں عوامی حلقوں کی طرف سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ عام سیاحوں کو بسا اوقات محکمہ سیاحت و ثقافت کے زیرانتظام سرکاری ریسٹ ہاؤسز، کاٹیجز اور کیمپنگ پوڈز میں قیام کیلئے جگہ نہیں مل پاتی جبکہ وی آئی پی شخصیات اور انکی فیملیز ان میں یہ سہولیات مفت حاصل کرتے ہیں اور کئی کئی روز تک وہاں قیام پذیر رہتے ہیں۔ زاہد چن زیب نے نوٹیفکیشن کے اجراء کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا کلچرل اینڈ ٹورازم اتھارٹی، کیلاش ڈویلپمنٹ اتھارٹی، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کمراٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہان سمیت تمام متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت جاری کی کہ صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام سے لیکر وہ خود یا انکی فیملیز بھی گنجائش کے مطابق ان ریسٹ ہاؤسز میں قیام کریں تو ان سے بھی قانون کے مطابق پورے واجبات وصول کئے جائیں۔