ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز شاہد خان مہمند کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ ریاض علی محسود نے ڈپٹی ڈائریکٹر پی کے ایچ اے کے ہمراہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جس میں 100 سے زائد عارضی جبکہ 40 سے زائد پختہ تجاوزات ہٹا دیئے گئے۔ تقریباً 22 کلومیٹر تک کے روڈ سے غیر قانونی تجاوزات ہٹائے گئے۔ مذکورہ تجاوزات کے خلاف مسلسل عوامی شکایات موصول ہورہے تھے جس پر غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں کو پہلے نوٹس جاری کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ ان تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک ہر وقت جام رہتی تھی جس کی وجہ سے عوام کو آمدورفت اور خاص کر مریضوں کو علاج معالجہ کے لیے لے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ آپریشن ختم کرنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملاکنڈ نے ہمیشہ سے کاروباری طبقے کی انتظامی لحاظ سے ہر ممکن مدد کی ہے اور کرتے رہیں گے جب تک وہ عوام کے مفاد کیلئے کام کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد غیر قانونی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے قلنگئی اور طوطکان بازاروں کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مختلف پیٹرول پمپس اور تندور شاپس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کم وزن اور ناقص صفائی پر تندور مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کئے اور کہا کہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری احکامات کے خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف کاروائیاں جاری رہے گی۔