خیبر (مانند نیوز)جنگلی حیات زمین کا لازمی حصہ ہیں۔اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے ساتھ جانوروں،پرندوں،آبی مخلوق اور حشرات الارض کو بھی پیدا کیا ہے تاکہ دنیا میں تنوع قائم رہے۔جنگلی حیات دنیا کا حسن ہیں۔انکی بقا، افزائش نسل اور معدوم ہوتی نسلوں کو بچانا ہم سب کی قومی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار نو تعینات ڈی ایف او وائلڈ لائف خیبر سرکل نے گورنمنٹ ہائی سکول شیراکی درہ آدم خیل میں آگہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا اس موقع پر وائلڈ لائف آرگنائزیشن کے صدر ملک وزیر آفریدی اور رینج افیسر درہ آدم خیل شہریار آفریدی نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جنگلی حیات کسی بھی ملک کا سرمایہ حیات ہوتی ہیں اور قدرت کی اس تخلیق کا تحفظہ ہم سب کا فرض ہے تاہم یہ تلخ حقیقت ہے کہ دنیا میں جنگلی حیات کم ہوتی جارہی ہیں۔جنگلی حیات کو بچانے اور ان کے افزائش نسل کیلئے حکومت اور اداروں کی طرف سے اقدامات کے باوجود نایاب پرندوں کا شکار کسی صورت کم ہونے میں نہیں آرہا جس کی بنا پر جنگلی حیات پر عرصہ حیات تنگ ہوتا جارہا ہے۔ملک وزیر آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جانور نہ صرف ماحول کو متوازن رکھتے ہیں بلکہ خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ کرتے ہیں۔غیر قانونی شکار، سمگلنگ اور آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے جنگلی حیات کو بہت خطرات درپیش ہیں اور مختلف اقسام کی جانوروں کی نسلیں ناپیدہونے کو ہیں۔جنگلی حیات کا تحفظ صرف حکومت اور متعلقہ اداروں کی نہیں بلکہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔آخر میں نو تعینات ڈی ایف او نے ملک وزیر آفریدی کو محکمہ کی طرف سے شیلڈ پیش کی جبکہ وزیر آفریدی نے ڈی ایف او کو بھی اپنی تنظیم کی طرف سے گفٹ دیا۔