کوہاٹ (مانند نیوز)سابق وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے نے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ کے ہمراہ منگل کے روز پیسکو چیف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں کوہاٹ میں جاری بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ پر عوامی سطح پر پائی جانے والی تشویش اور غم و غصہ سے آگاہ کیا۔شہریارآفریدی نے انہیں اس سلسلے میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پیسکو چیف کے ساتھ کوہاٹ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم تر کرنے، لائن لاسز اور گرڈ اسٹیشنز سمیت ٹرانسفارمرز کے حوالے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دریں اثناء شہریار آفریدی نے ٹیسکو چیف سے بھی رابطہ کیا اور انہیں ٹیسکو کے زیرانتظام ضلع کوہاٹ کے دیگر علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر تشویش سے آگاہ کیا۔انہوں نے درہ آدم خیل اور جواکی گرڈ اسٹیشنز و فیڈرز اور ٹرانسفارمرز کے حوالے سے بھی ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔