جمرود(مانند نیوز)مبینہ طور پر راہزنی میں مطلوب اپنے بھائی کو خود مشران کے ہمراہ تھانہ جمرودپولیس کے حوالے کیاجبکہ پولیس نے آئس کا جعلی کیس میں پرچہ کاٹ کر میرے بھائی کو قید کرلیا ہے انصاف فراہم کیا جائے،جعفر خان تفصیلات کے مطابق جمرود جلال دین سے تعلق رکھنے والے جعفر خان نے اپنے والد ماصل خان کے ہمراہ جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل جمرود پولیس ہمارے گھر آئے اور کہاکہ عباس مبینہ طور پر رہزنی میں ملوث ہے جس کے بعد علاقائی مشران کے ہمراہ ہم نے عباس کو جمرود تھانے میں ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کے حوالے کیا تاہم جب شام کو میں اپنے بھائی کو بستر دینے گیا تو میرا بھائی جمرود جیل میں نہیں تھا اور پوچھنے پر بھی پولیس نے کوئی مطمئن جواب نہیں دیا جبکہ بعد میں پتہ چلا کہ اسکو جیل سے کسی دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا اور جب رہزنی کے حوالے سے میرے بھائی عباس پر کچھ ثابت نہیں ہوا تو ایک ہفتہ بعد جعلی آئس کیس میں ملوث کرکے منشیات کا پرچہ کاٹ دیا گیا جو کہ ظلم،جبر اور بے انصافی کی انتہاء ہے۔جعفر خان نے کہاکہ جمروو پولیس کے ایک اہم عہدیدار گل ولی نے ہم سے کہاکہ انہیں ڈی پی او کے جانب سے حکم ہے کہ چاہے جھگڑے میں کسی کو گرفتار کریں یاکسی دوسرے مسئلے میں تو اس پر فوری منشیات کا پرچہ کاٹا کرو،انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے بھی انکوائری کی جائے۔جعفر خان نے کہاکہ میرا بھائی عباس ایک طالبعلم ہے جبکہ میں خود آرمی سے ریٹائرڈ ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پولیس کے ساتھ تعاون کیا تاہم تعاون کرنے کا ہمیں یہ صلہ دیا گیا۔جعفر خان نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا، ایم این اے اقبال آفریدی، ایم پی اے سہیل آفریدی اور دیگر متعلقہ حکام سے نوٹس لینے اور انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا۔