کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ضلع بھر میں مچھر مار سپرے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس عمل میں منتخب اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے باہمی مشاورت سے مختلف علاقوں میں مچھر مار سپرے کیا جارہا ہے۔ڈینگی سپرے کاسلسلہ بازاروں اور گلیوں سمیت سنٹرل جیل تک بڑھا دیا گیا ہے۔گزشتہ روز کوہاٹ سنٹرل جیل میں بھی سپرے کیا گیا تا کہ جیل کے مکینوں کو بھی ڈینگی کے مہلک مرض سے بچایا جا سکے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کے پیش نظر رواں موسم میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ کھڑا پانی سے ڈینگی مچھروں کی افزائش کیلئے ساز گار ماحول فراہم ہو تاہے لہٰذا کسی بھی جگہ کھڑا پانی نہ رہنے دیا جائے اور پانی ذخیرہ کرنے میں انتہائی احتیاط سے کام لیاجائے۔ ڈینگی مچھر سے خود کو بچانے کیلئے دن کے اوقات میں بالخصوص طلوع آفتاب کے کچھ گھنٹے بعد اورغروب آفتاب سے کچھ گھنٹے قبل ایسا لباس پہنیں جس سے جسم مکمل طورپر ڈھانپا ہوا ہو، مکمل آستینوں والی قمیص پہنیں اورنکر پہننے سے گریز کریں، مچھروں سے بچاؤ والے لوشن اورسپرے کااستعمال کریں، مچھر دانیوں کا استعمال یقینی بنائیں، مچھروں کوکمروں میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے مچھر دانی، پردے یاچادروں پر مچھرمار سپرے کرکے انہیں داخلی دروازے پرلٹکایاجائے۔