ہنگو (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ہنگو سید حیدر حسین اور ہنگو کے منتخب رکن قومی اسمبلی یوسف خان نے مشترکہ طور پر MOL ویل ہیڈ کے علاقوں میں گیس کے کم پریشر، گیس کی لوڈشیڈنگ اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، پولیس، ایم او ایل، پیسکو، ایس این جی پی ایل اور پی ایچ ای ڈی کے متعلقہ حکام اور سرکی، چمبہ گل، خٹک بانڈہ اور انار چینہ کے عمائدین کے وفد نے شرکت کی۔اجلاس میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گیس کے کم پریشر کے حوالے سے سنجیدہ بحث ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ اداروں کے حکام نے عمائدین کو بجلی اور گیس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے اور گیس کا پریشر خصوصاً کھانا پکانے کے اوقات میں برابر اور اعتدال میں رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں شریک عمائدین نے علاقے میں بجلی و گیس کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔