کوہاٹ (مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ اور قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے ہفتہ کے روز اراکین صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ اور شفیع جان اورچیئرمن تحصیل گمبٹ ساجد اقبال کے ہمراہ کوہاٹ گرڈ سٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمعرات کے روز گریڈ سٹیشن میں آتشزدگی کے بعد وہاں پر جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔واپڈا کے متعلقہ حکام نے وزیر موصوف کو بتایا کہ بجلی کی بحالی کیلئے شبانہ روز کام جاری ہے۔ضلع کے کافی حصوں میں بجلی بحال کی جا چکی ہے جبکہ باقی ماندہ حصوں میں بھی آئندہ 5 گھنٹوں تک مکمل بجلی بحال کر دی جائے گی۔انہیں بتایا گیا کہ زیادہ تر نیا کیبل بچھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ آتشزدگی کے فوراً بعد سے سابق وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے اور اراکین اسمبلی بجلی کی بحالی کے کاموں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں اور لمحہ بہ لمحہ صورتحال سے آگاہی حاصل کرتے رہے جن کی کوششیں رنگ لائیں۔صوبائی وزیر قانون نے متعلقہ حکام سے کہا کہ جو فیڈرز کلیئر ہیں ان کی بجلی فی الفور بحال کی جائے جبکہ باقی ماندہ کام میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ موسم انتہائی گرم ہے اور بجلی کی ضرورت کہیں زیادہ ہے۔لہٰذا عوام کو ہر صورت ریلیف دیا جائے۔آفتاب عالم نے کوہاٹ کے تمام منتخب نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے بجلی کی تیز تر بحالی میں مدد ملی۔