اورکزئی (مانند نیوز)اورکزئی ہیڈ کوارٹر جرگہ ہال میں وفاقی محتسب کے عوامی اگاہی مہم کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی محتسب ریجنل آفس پشاور کے ایڈوائزر مشتاق جدون، ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ، ڈی سی ہنگو حیدر حسین سمیت تمام وفاقی محکموں کے افسران، صحافیوں اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ کا کہنا تھا کہ اورکزئی قبائل محب وطن لوگ ہیں اسلئے اکثر اوقات اعلی حکام پہلے اورکزئی کا دورہ کر نے کوترجیح دیتے ہیں انہو ں نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کی انعقاد کے ذریعے وفاقی محتسب کے توسط سے وفاقی محکموں کی کارکردگی کی جانچ پڑتال کرنا ہے اور عوام کی شکایات کا ازالہ کرکے انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب ریجنل آفس پشاور کے ایڈوائزر مشتاق جدون نے کہا کہ وفاقی محکموں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، نادرا، پاسپورٹ اور واپڈا وغیرہ کے متعلق عوام اپنے مسائل موبائل، ای میل اور متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں اور اِن محکموں کے متعلق عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائینگے۔ کھلی کچہری کے موقع پر علاقہ مشران نے معزز مہمان مشتاق جدون کو قلعہ لنگی پہنا کر خوش آمدید کہا۔علاقہ مشران نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو پاسپورٹ بنانے اور رینیول میں مشکلات ہے۔ اس لئے اورکزئی میں پاسپورٹ آفس بنایا جائے۔ضلع اورکزئی میں ڈاکخانے اور بینک منظور کئے جائیں۔ اپر اورکزئی موبائل سگنلز نیٹ ورک سے محروم ہیں، وہاں پر جلدازجلد موبائل نیٹورک فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اورکزئی میں بجلی نہ ہونے کے برابر ہے 22 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔وفاقی محتسب مشتاق جدون نے عوامی شکایات کی فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔ کھلی کچہری کے اختتام پر قبائلی مشران نے معزز مہمان کا ضلع اورکزئی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔