کوہاٹ (مانند نیوز )سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے نے کوہاٹ کے اراکین صوبائی اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ اور شفیع جان اور اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ کے ہمراہ پیسکو چیف انجینئر اختر حامد خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ کوہاٹ میں بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور بجلی کے مسائل پر تفصیلاً تبادلہ خیال کیا۔شہریار آفریدی نے پیسکو چیف کو کوہاٹ میں لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی تاکید کی۔شہریار آفریدی نے وفاقی سیکرٹری انرجی اینڈ پاور ڈویژن سے بھی کوہاٹ میں ناروا لوڈشیڈنگ کے حوالے سے گفتگو کی۔وفاقی سیکرٹری انرجی اینڈ پاور ڈویژن نے بھی کوہاٹ کے عوام کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ واپڈا وفاق کے زیرانتظام محکمہ ہے جو کوہاٹ میں ناروا لوڈشیڈنگ کر رہی ہے۔ لوڈشیڈنگ مسئلے پر ہم تمام منتخب نمائندے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پیسکو چیف کوعوامی ردعمل اور کوہاٹ میں لوڈشیڈنگ کی موجودہ صورتحال سے متعلق پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔ پیسکو چیف نے کوہاٹ کے عوام کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔