ملاکنڈ (مانند نیوز )ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ شاہد خان مہمند کی ہدایت پرڈسٹرکٹ سٹیرنگ کمیٹی (ڈی ایس سی) ایجوکیشن ملاکنڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلیننگ) اظہر ظہور کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ڈی ایس سی ایجوکیشن کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ ڈی ایس سی کے گزشتہ اجلاس کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تفصیلی غور و خوض کے بعد ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملاکنڈ نے اپریل اور مئی 2024 کی پیشرفت کے حوالے سے پریزنٹیشن دی۔ تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو ضروری ہدایات جاری کئے گئے اور جو مسائل زیر بحث آئے ان کو حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو تفویض کئے گئے۔بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ (فنانس اینڈپلیننگ) نے گھڑی پل سے ظفر پارک بٹ خیلہ تک کینال روڈ کی وقتاً فوقتاً مرمت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ پلاننگ آفیسر ملاکنڈ اور پی کے ایچ اے، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن اور ٹی ایم اے کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اے ڈی سی (ایف اینڈ پی) نے تمام نمائندوں سے کینال روڈ کی ملکیت کے بارے میں پوچھا جس پر محکمہ آبپاشی کے نمائندے نے جواب دیا کہ مذکورہ سڑک محکمہ آبپاشی کی ملکیت ہے۔ اسی طرح انہوں نے محکمہ آبپاشی کے نمائندے کو ہدایت کی کہ وہ 29 جون 2024 تک مذکورہ سڑک کے تمام گڑھوں کو ٹھیک کر دیں جس پر محکمہ آبپاشی کے نمائندے نے اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ محکمہ آبپاشی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایف اینڈ پی) کو بھی آگاہ کیا کہ وہ مذکورہ روڈ کی مناسب بحالی کے لیے کسی بھی محکمے کو این او سی فراہم کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے نے بتایا کہ کینال روڈ کی بحالی کی منظوری پہلے ہی ڈسٹرکٹ اپ لفٹ اور بیوٹیفکیشن میں دی گئی ہے لیکن فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ فنڈ جاری ہونے کے بعداسے بہترین عوامی مفاد میں ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لایا جائے گا۔