کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں اور امن دشمن اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھ کر ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔یہ ہدایات انہوں نے ہفتہ کے روز کوہاٹ میں محرم الحرام کے حوالے سے اہل تشیع و اہل سنت کے مشران کے ساتھ منعقدہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔جرگہ کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر نے کی جبکہ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان، داؤد شاہ آفریدی، تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال، ڈی پی او کوہاٹ محمد عمر خان، ضلعی انتظامیہ کوہاٹ، پاک آرمی، ٹی ایم ایز، ریسکیو 1122، پیسکو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ اہل تشیع و اہل سنت کے مشران نے بھی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی نے محرم الحرام کے اجتماعات و مجالس میں امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے اور ریاست دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد رہنے اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کی اپیل کی جس پر جرگہ کے تمام شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔