ہنگو(مانند نیوز) تجاوزات کا خاتمہ ٹریفک روانگی میں تسلسل اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی اولین ترجیح ہے، تاجر برادری انتظامیہ کیساتھ تعاون کرے تو تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہے، دکاندار اپنے دکانوں کے سامنے اضافی لوگوں کو بٹھا کر ماہانہ وصول کرتے ہیں، رکشوں کا اندراج کرنا بھی اشد ضروری ہے، ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عماد خان نے تاجر برادری ہنگو کے رہنماوں کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹریڈ یونین کے رہنماوں نے ہنگو کے مرکزی صدر ظفر اقبال کے قیادت میں اجلاس میں شرکت کی۔ بیکرز اینڈ سویٹ کے صدر ملک سیدا خان شنواری، بازار یونین کے جنرل سیکرٹری عبد الواحد اورکزئی، بیٹری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اورکزئی، ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر قابل خان اورکزئی، کلاتھ کے مجید قریشی و دیگر ٹریڈ یونین کے صدور و رہنما اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ ٹریفک انچارج انسپکٹر مجاہد حسین بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں شہر سے تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک معاملات کو درست کرنے اور رکشوں کا ریکارڈ مرتب کرنے، غیر قانونی اڈوں کے خاتمے، گاڑیوں میں پریشر ہارن اورگاڑیوں پر اخلاق سوز کلمات کے اندراج سمیت شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے سے حائل رکاوٹوں سے متعلق تفصیلی مشاورت ہوئی۔ تاجر رہنماوں نے ان مسائل کے حل کے لئے اپنی اپنی تجاویز پیش کی۔ اس موقع پر ٹریفک انچارج مجاہد حسین نے کہا کہ تاجروں کے تعاون کے بدولت ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھر پور مدد ملے گی، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عماد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی و خوشحالی میں تاجروں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، تاجروں نے ہمیشہ انتظامیہ اور پولیس کیساتھ تعاون کر کے عوام کو سہولت فراہم کرنے والے اقدامات کو تقویت بخشی ہے، عماد خان نے کہا کہ ہنگو سٹی کی اصل خوبصورتی کو بحال کرنے کے لئے تجاوزات کا خاتمہ غیر قانونی اڈوں کے خلاف آپریشن، رکشوں کا ریکارڈ مرتب کرنا اور دکانوں کے باہر دو دو تین تین غیر قانونی دکانوں کا اضافہ ان مسائل کو حل کرنا نہایت ضروری ہے اس مقصد کیلئے تاجروں کا تعاون نا گزیر ہے، عماد خان نے کہا کہ ٹریفک پولیس پریشر ہارن، کم سن ڈرائیور اور اندراج کے بغیر گاڑیوں اور کالے شیشے والی ٹرانسپورٹ کیخلاف بھر پور آپریشن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار رضا کارانہ طور پر اپنے دکانوں کے سامنے موجود تجاوزات کو ہٹا دیں اس موقع پر تاجر برادری نے ڈی ایس پی کو تجاوزات کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا