پشاور (مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ملکی صنعت کی ترقی سے ملکی معیشت کا استحکام جڑا ہے، زراعت اور کاروبار سے منسلک افراد ہی پاکستان کو معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں، ملکی صنعت و انڈسٹری کی ترقی کیلئے مجموعی انفراسٹرکچر کو بہتر کرنا ضروری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کی نمائندہ بزنس کمیونٹی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا. ملاقات میں راولپنڈی، اٹک، ہزارہ وویمن چیمبرز کی خواتین صدور، مردان،چارسدہ، ہری پور اور مہمند چیمبرز کے صدور و دیگر عہدیدران و نمائندے شامل تھے. وفد میں شامل خواتین کاروباری شخصیات نے گورنر کو صوبہ کے خواتین چیمبرز کو حکومتی سطح پر سپورٹ نہ کرنے سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا. وفد نے گورنر سے شمالی اضلاع کیلئے وفاق کیجانب سے زرعی یونیورسٹی کے قیام کا بھی مطالبہ بھی کیا. وفد کے شرکاء نے صوبہ میں انڈسٹری کی ترقی کیلئے بجلی، روڈز سمیت دیگر جامع انفراسٹرکچر نہ ہونے سے متعلق درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا، راولپنڈی چیمبرز نے خیبرپختونخوا کے کاروباری خواتین کی تربیت کیلئے اینکوبیشن سنٹر کے قیام کی تجویز پیش کی اور بتایا کہ ہنر مند خواتین کیلئے کمیونٹی سنٹر ہونا چاہئے. تجارتی وفد نے یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط لنکجز کے قیام کی بھی تجویز دی. وفد کے شرکاء بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے گورنر کو اگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تعاون درخواست کی. وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبہ میں قیمتی جیمز اسٹونز جمز اور معدنیات کی فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت 5 سالہ پلان بنا رہی ہے بزنس کی ترقی کیلئے کاروباری شعبہ اپنی تجاویز پیش کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ میری اولین توجہ خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہے اس حوالے سے نیوٹک و دیگر اداروں کیساتھ ملکر مختلف اقدامات اٹھا رہے ہیں، گورنر نے کہا کہ تاجکستان کا دورہ کر کے محسوس کیا کہ وہاں پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے کاروبار و تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، واخان بارڈر سے دو شنبے ہمارے بہت نزدیک ہے، انکی بجلی سے مستفید ہو سکتے ہیں لیکن روڈ انفراسٹرکچر نہ ہونے سے مسائل ہیں، گورنر نے وفد کے شرکاء سے کہا کہ وہ تاجکستان میں اکتوبر کے مہینے میں ہونیوالے نمائش میں شرکت کر کے وہاں دستیاب کے مواقع سے استفادہ کریں. گورنر نے کہا کہ مختلف سیکٹرز میں تھنک ٹینک بنانے کی ضرورت ہے، ایجوکیشن سیکٹر میں تھنک ٹینک کے قیام پر عمل جاری ہے تاکہ صوبے کی اعلیٰ جامعات کو درپیش مالی و انتظامی مسائل حل کیے جاسکیں، انہوں نے مردان میں یونیورسٹی کی زمین بروئے کار لانے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مردان موجود زمین پر زرعی یونیورسٹی کے قیام سے متعلق وفاقی حکومت سے بات کی جائیگی. گورنر نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مختلف کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بھی سپورٹ کریں تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں.