کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے ڈبلیو ایس ایس سی اورتمام ٹی ایم ایزکو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کی بہتر صورتحال یقینی بنائیں اور گلیوں اور عوامی مقامات سے کوڑا کرکٹ بروقت ٹھکانے لگائیں۔یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پرڈبلیو ایس اسی سی اور ٹی ایم ایز کے متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو پیش رفت سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے حکام سے کہا کہ وہ اپنے فرائض نہایت ایمانداری اور لگن سے اد ا کریں اورعوام کوحفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھرا ماحول کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متنبہ کیا کہ فرائض کی بجاآوری میں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی ناقابل برداشت ہے۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ”عوامی ایجنڈا“کے تحت مون سون شجر کاری مہم پرپیش رفت کاجائزہ لینے کیلئے بھی محکمہ جنگلا ت کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیاکہ ضلع کوہاٹ میں رواں شجرکاری مہم کے دوران تقریباً 50 ہزار پھلدار اورغیر پھلدار پودے لگائے جائیں گے جبکہ اگلے ماہ ضمیر گل ڈیم کے مقام پر میگا پلانٹیشن ڈرائیوبھی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کویہ ٹاسک ہر صورت پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں برابر آگاہ رکھا جائے۔