پشاور(مانند نیوز) خیبرپختونخوا میں عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں پر جائزہ اجلاس آج محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات خیبرپختونخوا میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جناب سید امتیاز حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ورلڈ بینک کے آپریشنز مینیجر مسٹر گیلیس ڈروگیلیس، انتظامی سیکرٹریز اور مختلف محکموں اور ورلڈ بینک کے نمائندے شامل تھے۔اجلاس کے دوران جاری منصوبوں پر پیش رفت کا مشترکہ طور پر جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ان منصوبوں پر عمل درآمد، ان کی حالیہ پوزیشن، عوام پر ان منصوبوں کے اثرات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے صوبے کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق نئے منصوبوں کے ایکشن پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس پر اتفاق کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جناب سید امتیاز حسین شاہ نے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے مقاصد کے حصول کو یقینی بناتے ہوئے ان پر عملدرآمد کو تیز کریں۔ انہوں نے مؤثر پراجیکٹ مینجمنٹ، کوآرڈینیشن اور معیاری کام کی اہمیت پر زور دیا۔مزید برآں ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ ان کا دفتر تمام متعلقہ سیکریٹریز کے ساتھ عالمی بینک کو مکمل سہولت اور تعاون فراہم کرے گا، منصوبوں پر بلا تعطل عملدرآمد کو یقینی بنائے گا اور ایک نتیجہ خیز شراکت داری کو فروغ دے گا۔