تورغر(مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر تورغرانور زیب کی زیر صدارت آج ضلع تورغر کے تمام محکموں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ماہِ جولائی اور اگست 2024 کے دوران تمام محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خاص طور پر پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات کے ازالے اور محکموں کی جانب سے دی گئی خدمات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر انور زیب نے غیر تسلی بخش کارکردگی والے محکموں کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے عوامی خدمت میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں۔اجلاس میں عوامی ایجنڈے اور متعلقہ ڈیٹا کی بروقت اپلوڈنگ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ بروقت ڈیٹا فراہم کرنے والے محکموں کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ تاخیر کرنے والے محکموں کو سخت تنبیہ کی گئی کہ آئندہ اس معاملے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر تورغر نے میٹنگ کے اختتام پر تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تیز ترین اور مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔