حکومت کی جانب سے جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات کے تحت ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد میں ایک خصوصی معائنہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد خا لد اقبال کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر برائے ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس امان اللہ سعید نے کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ جیل کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران جیل کے مختلف حصوں، جن میں کچن، بیرکس، کمپیوٹر لیب، ہسپتال اور صحت وارڈز شامل ہیں، کا جائزہ لیا گیا تاکہ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا جا سکے۔ معائنے کا مقصد یہ تھا کہ قیدیوں کو حکومتی معیار کے مطابق ضروری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں یا نہیں۔معائنہ کرنے والی ٹیم نے جیل میں صفائی، قیدیوں کی صحت کے حوالے سے مناسب دیکھ بھال، اور متوازن غذا کی فراہمی پر زور دیا۔ جیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ قیدیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور ان کی صحت و صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔