کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت منعقدہ کھلی کچہریوں میں سروس ڈیلیوری سنٹرز سے متعلق عوامی شکایات/تجاویز پر سروس ڈیلیوری سنٹر کوہاٹ/لاچی کے سروسز میں مزید بہتری لانے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، اسسٹنٹ کمشنرز کوہاٹ، لاچی اور درہ آدم خیل، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیٹابیس اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیٹابیس اور ریونیو افسران نے ضلع کوہاٹ میں لینڈ کمپیوٹرائزیشن اور اس سے عوام کو فراہم کی جانیوالی ریلیف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ جس اہم مقصد کیلئے لینڈ کمپیوٹرائزیشن کی گئی ہے اس کا عوام کو ہر صورت فائدہ پہنچنا چاہیے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوام کو ریکارڈ میں آسانی لانے اور نقولات و دیگر سہولیات کی فوری فراہمی سمیت عملے کو وقت کی پابندی کرنے، عوام کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آنے، بروقت تمام کام مکمل کرنے اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس کے حوالے سے بھی ضروری احکامات جاری کئے تاکہ عوام کو ریونیو کے حوالے سے معاملات میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا سکیں۔