دیر بالا (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر دیر بالا نوید اکبر کے ہدایت پر ضلع دیر بالا کی مختلف یونین کونسلز میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے فوگنگ اور اسپرے کا آغاز۔ ضلع دیر بالا میں حکومت کے ”عوامی ایجنڈا“کے تحت ڈینگی سے بچاؤ کے لئے مختلف یونین کونسلز میں ڈینگی کے خاتمے کے لئے فوگنگ اور اسپرے کا آغاز کردیاگیا۔ ضلع بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کا سپرے پروگرام مرحلہ وار جاری ہے اورساتھ ساتھ ڈینگی کی روک تھام اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ فوگنگ/اسپرے کا مقصد ڈینگی مچھر کا خاتمہ کرنا ہے، تا کہ عوام کو ڈینگی بخار کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے عوام کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ ڈینگی وائرس مادہ مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے اور یہ مچھر صاف پانی میں پرورش پاتاہے اس لئے ہمیں اپنے گھروں سمیت کہیں بھی پانی کو کھڑا نہیں رہنے دینا چاہئے اورپانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھنا چاہئے۔اسی طرح ائر کولروں، برتنوں اور کیاریوں وغیرہ میں بھی پانی کو کھلا نہ چھوڑاجائے۔