پشاور(مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور پانچ جانباز جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور پانچ بہادر جوانوں نے فرنٹ لائن پر عظیم قربانیاں دے کر قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے آفیسرز اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہماری جدوجہد کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جاری کارروائیاں اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ ہم اس ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ملک کا دفاع کرتے ہوئے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے اور چھ خوارج کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم شہداء کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے اور شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اس ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔