کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کہا ہے کہ سیدنا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات طیبہ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال کوہاٹ میں رحمت اللعالمین سکالرشپس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مقدس تقریب میں چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ و رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس، مذہبی شخصیات، لائن ڈیپارٹمنٹس کے حکام اور سکولوں کے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب میں سکولوں کے طلباء میں رحمت اللعالمین سکالرشپس کے تحت نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کہا کہ امام الانبیاء سیدنا حضرت محمد مصطفٰی ﷺ رحمت اللعالمین بن کر اس دنیا میں تشریف لائے اور انسانیت کی فلاح کیلئے بھرپور جدوجہد کی اور پیغام الہی کو عام کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر زیادہ سے زیادہ تقریبات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے حضور اکرمﷺ کی سیرت طیبہ ہماری زندگی کا حصہ بنے گی اور ہماری نئی نسل حضرت محمد ﷺ کی عظیم ہستی کے اسوہ حسنہ سے صحیح طریقے سے روشناس ہو گی۔