کرک (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان نے کہا ہے کہ اپنی نئی نسل کو پولیو کے مہلک بیماری سے بچانا اور وطن عزیز پاکستان کو پولیو فری بنانا من حیث القوم ہم سب کی قومی اور بنیادی ذمہ داری ہے لہٰذا پولیو کی بیخ کنی کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ماہ اکتوبر کے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ ڈی پیک ریڈینس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈی پی او کرک اور ڈی ایچ او کرک سمیت یونیسیف اور محکمہ صحت ودیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔ این سٹاپ آفیسر نے اجلاس کوانسداد پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کرک نے مسائل کے حل اور کامیاب مہم کے انعقاد کیلئے ضروری ہدایات دیں۔ اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس کو پیغام دیتے ہوئے اپیل کی کہ مہم کے دوران تمام والدین اپنے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔انہوں نے مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کی اپیل کی۔