کوہاٹ (مانند نیوز )کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کے ہمراہ ضلع کے مختلف محکموں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات، ایس ڈی او ایریگیشن، سب انجینئر ایریگیشن، اکاؤنٹس آفیسر ایریگیشن، ضلعی زکواۃ آفیسر بمعہ عملہ، ضلعی پلاننگ آفیسر بمعہ ماتحت عملہ اور لختی بانڈہ کے گورنمنٹ پرائمری اورگورنمنٹ مڈل سکولوں کے تمام اساتذہ کو غیرحاضر پایا۔کمشنر نے مڈل سکول لختی بانڈہ میں مارننگ اسمبلی خود کنڈکٹ کی۔ کمشنر نے ہنگو کے کے ضلعی دفاترکی صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف انتظامی سیکرٹریوں اورضلعی سربراہوں کو 25 افسروں اور دیگر اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کی سفارش کی۔ مذکورہ افسروں اوراہلکاروں کے خلاف کی گئی کارروائی کی کمشنر کوہاٹ خود نگرانی کریں گے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جاسکے۔ بعدازاں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر ہنگو کے ہمراہ متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں سربراہوں کو متنبہ کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی محکمے میں صفائی کی ابتری اور عملے کی غیرحاضری پرمحکمے کے سربراہ کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنے پڑے گا۔ لختی بانڈہ میں والدین نے ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے سکول میں اساتذہ کی غیرحاضری کی شکایت کی۔ کمشنر نے اس موقع پرڈسٹرکٹ زکواۃ آفیسر کے دفتر، فارمر فیسیلیٹیشن سنٹر، کھاد اوربیج کے گوداموں، زرعی فارمز، زرعی مشینری اور تحفظ ارضیات کا بھی دورہ کیا اورشاندار کارکردگی، بہترین صفائی اورحاضری پرشاباش دی۔ کمشنر نے محکمہ بہبود آبادی کا بھی دورہ کیا اور تمام عملے کو موجود اورمصروف کار پایا۔ آخرمیں انہوں نے ٹیکنیکل سنٹر ہنگو کا دورہ کیا اور بہترین کارکردگی پر پرنسپل کی تعریف کی۔ وہ مختلف فنی مہارتوں کے زیر تربیت طلباء سے بھی ملے اور ان کے مسائل معلوم کرکے ان کے فوری حل کا یقین دلایا۔ کمشنر کوہاٹ نے ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کوہدایات دیں کہ وہ ذاتی طورپر روزانہ صبح اور عصر کودفاتر میں حاضری کامعائنہ یقینی بنائیں اوراس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔