ایبٹ آباد (مانند نیوز )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد فنانس و ڈویلپمنٹ ملیہ سحر نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم اپنی بچیوں کو مستقبل میں کامیاب اور خودمختار دیکھنا چاہتے ہیں تو انہیں ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، جن میں تعلیم سب سے اہم ہے۔ آپ نے تعلیم حاصل کر کے اپنی زندگی کا مقصد متعین کرنا ہے اور دوسروں کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ملیہ سحر نے والدین اور اساتذہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تربیت اور کردار سازی میں ان کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر، چائلڈ پروٹیکشن یونٹ ایبٹ آباد اور محکمہ تعلیم کی خدمات کو بھی سراہا جو بچوں کی تربیت میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ انٹرنیٹ اور مصنوعی ذہانت (AI) جیسے جدید وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مختلف ہنر سیکھیں اور ان کا مثبت استعمال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو کامیاب شخصیات کی زندگیوں کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ ان سے سیکھ سکیں۔ آج کی خواتین مردوں کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور یہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ملیہ سحر نے کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اسلام ہماری رہنمائی کے لیے مشعل راہ ہے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ساحرہ مشتاق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فیمیل) عائشہ سعید، سائیکالوجسٹ مس فرزانہ جدون،شاہد شہاب سوشل کیس ورکر، ثمرہ ایوب سائیکا لو جسٹ اور سرکاری سکولوں کے اساتذہ و طالبات سمیت دیگر معززین بھی شریک تھے۔ اس موقع پر پوسٹر اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے جن میں بچیوں نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر محمد علی نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کا بنیادی مقصد بچوں کو استحصال، تشدد، اور ناانصافی سے محفوظ رکھنا ہے۔چائلڈ پروٹیکشن یونٹ فوری طور پر ایسے بچوں کی مدد کرتا ہے جو کسی قسم کے تشدد یا خطرناک حالات کا شکار ہوں، اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرتا ہے۔ یہ یونٹ بچوں اور والدین کو حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے اور تعلیمی و بحالی پروگرامز کے ذریعے بچوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دیتا ہے۔ قانونی معاونت اور نفسیاتی مشاورت کی خدمات بھی فراہم کی جاتی ہیں تاکہ بچوں کو انصاف اور بہتر مستقبل دیا جا سکے۔سائیکالوجسٹ مس فرزانہ جدون نے کہا کہ بچیوں کا عا لمی دن ہر سال 11 اکتوبر کو منایا جاتا ہے تاکہ بچیوں کو درپیش مسائل جیسے تعلیم، صحت، جنسی تشدد، اور چائلڈ میرج جیسے مسائل پر توجہ دی جا سکے۔ اقوام متحدہ نے 2011 میں اس دن کو منانے کا آغاز کیا، جس کا مقصد بچیوں کو مساوی حقوق اور بہتر زندگی فراہم کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ساحرہ مشتاق اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عائشہ سعید نے بھی بچیوں کی تعلیم کی اہمیت اور ان کے حقوق و ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔خیبر پختونخوا میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن اس دن کے موقع پر بچیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کرتا ہے، تاکہ وہ ایک محفوظ اور خوشحال ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔