پبی (مانند نیوز) پرنسپل پروفیسر واجد علی نے کہا ہے کہ ڈرگ مافیا ہمارے مستقبل کو کھوکھلا کر رہے ہیں۔ تعلیمی ادروں کو ڈرگ مافیا کے حصار سے نکالنے کے لئے حکومتی اداروں، والدین اور طلبہ کو فعال کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ منشیات کا کاروبار کرنے والے ہمارے ملک و قوم اور معاشرے کے ناسور ہے۔ تعلیمی اداروں اور طلبا و طالبات میں آگاہی مہم اور مثبت مشاغل کے فروغ سے اس ناسور کے سامنے بند باندھا جا سکتا ہے۔ والدین اپنے بچوں اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھ کر بچوں کو اس ناسور سے بچا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج پبی میں منشیات ہمارے معاشرے کا ناسور اور تعلیمی اداروں اور طلبا و طالبات میں اس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے احکامات اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ ڈگری کالج پبی میں منشیات ہمارے معاشرے کا ناسور اور تعلیمی اداروں اور طلبا و طالبات میں اس کے بڑھتے ہوئے رجحان کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں کالج کے تدریسی عملے اور طلبا و طالبات نے اس موضوع پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کا ناسور ہے۔ جو نسلوں کو تباہ کر رہی ہے۔ جدید شکل میں منشیات کا استعمال دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ جس سے نوجوان اس نشے کی لت کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس تیزی سے یہ لت نوجوان نسل میں پھیل رہی ہے اگر بروقت اس کا تدارک نہیں کیا گیا تو وہ دن دور نہیں کہ معاشرے کا ہر نوجوان اس میں مبتلا ہو کر معاشرے کا بوجھ بن کر رہ جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجز میں اس کا رجحان بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے حکومت کو اس مسئلے کے موثر تدارک کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ مافیا کی وجہ سے معاشرہ کھوکھلا ہو کر رہ گیا ہے۔ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم اسی کی وجہ سے ہیں۔ ہیروئین اور آئس جیسے موذی نشوں کے بعد اب ڈانسنگ ٹیب اور ڈس ویلرز جیسے جدید قسمیں متعارف ہو چکی ہیں۔ جس سے نوجوان طلبہ و طالبات لاعلمی کی وجہ سے شکار ہو رہے ہیں۔ پروفیسر واجد علی نے کہا کہ حکومتی اداروں اور تعلیمی اداروں کی منتظمین کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں اوراپنے مستقبل کو اس برائی سے بچائیں۔ اس موقع پر کالج کے بی ایس طلبہ اور طالبات نے اس موضوع پر مضمون نویسی کے مقابلے میں حصہ لیا اور آٹھ بہترین مضامین کو تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں کالج کے طلبا اور اساتذہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ جس پر انسداد منشیات کے حوالے سے نعرے درج تھے۔اس واک کا مقصد معاشرے کے ہر فرد میں اس موذی مرض کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا تھا

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے