پشاور(مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر بیلا فزیکاس نے اسلام اباد میں ملاقات کی ہے. ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا. گورنر خیبرپختونخوا نے ہنگری کے سفیر کو خیبرپختونخوا میں قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا. ملاقات میں تجارتی و اقتصادی سطح پر دوطرفہ تعلقات و اقتصادی ترقی کے مواقع باہمی مواقع تلاش کرنے کے امور بھی زیر بحث رہے، گورنر خیبرپختونخوا نے ہنگری کی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے زیادہ مواقع فراہمی کی ضرورت پر زور دیا اور ہنگری یونیورسٹیوں کی فیکلٹی اور طلبہ کو دورہ پشاور کی دعوت بھی دی. گورنر. فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہنگری اور خیبرپختونخوا کے مابین شعبہ اعلٰی تعلیم میں دو طرفہ تعاون و تجربات کا تبادلہ ہونا چاہئے، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں.