ہنگو (مانند نیوز)چیئرمین ڈیڈاک ہنگو شاہ تراب بنگش ایم پی اے نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 ضلع ہنگو میں سرکاری تعلیمی اداروں کے زونل سپورٹس فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہنگو عتیق الرحمن، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 ہنگو عقل بادشاہ، اساتذہ کرام، طلباء اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔ شاہ تراب ایم پی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ حصول تعلیم سمیت نئی نسل کی ذہنی اور جسمانی نشونما صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے۔انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ایم پی اے نے کہا کہ حصول تعلیم کا مقصد صرف نوکری کا حصول نہیں ہونا چاہئے کیونکہ تعلیم معاشرے سے جہالت کے اندھیروں کا خاتمہ کرکے روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ دریں اثناء پرنسپل عقل بادشاہ نے قدیم تاریخی درسگاہ کو درپیش انفراسٹکچر سمیت سٹاف کی کمی، بلڈنگ کی خستہ حالی اور دیگر مسائل سے اگاہ کیا جنہیں انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔