ہنگو (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ہنگو نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت اسسٹنٹ کمشنر ہنگو اسفندیار خالد کی زیرنگرانی سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیاجس میں کئی غیر قانونی اور ناجائز تجاوزات مسمار کر دیئے گئے۔ مذکورہ آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹی ایم اے نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر زیر تعمیر دیواروں کو مکمل مسمار کر دیا گیا نیز سرکاری راستے پر موجود دیگر پختہ تجاوزات کا بھی مکمل خاتمہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 2 کروڑ روپے مالیت کی 12کنال سرکاری اراضی (بمطابق مارکیٹ ریٹ) واگزار کرائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع ہنگو میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن اس کے منطقی انجام تک بلا تعطل جاری رہے گا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔