کوہستان (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر، طارق محمود کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹروں اور غیر رجسٹرڈ صحت مراکز کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلے میں حکمت عملی وضع کی گئی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، پولیس، اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور عطائی صحت سنٹرز کے بڑھتے ہوئے خطرات کے تدارک کے لیے تفصیلی مشاورت کی۔ڈپٹی کمشنر طارق محمود نے اجلاس کے دوران سختی سے ہدایات جاری کیں کہ صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی صحت مراکز کے خلاف فوری اور موثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مراکز عوام کی صحت اور زندگی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور ان کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور کسی کو بھی غیر قانونی طریقے سے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس کے دوران اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ عطائی مراکز کو ختم کرنے کے لیے عوامی شعور اجاگر کیا جائے اور شہریوں کو قانونی اور رجسٹرڈ صحت مراکز کی خدمات حاصل کرنے کی ترغیب دی جائے۔ محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلع میں تمام صحت مراکز کی جانچ پڑتال کریں اور غیر رجسٹرڈ سنٹرز کی فہرست مرتب کر کے فوری کارروائی کریں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے مالکان کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کے مراکز سیل کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو اس بات کا پابند کیا کہ وہ اس مہم کو تیز کریں اور جلد از جلد عطائی صحت سنٹرز کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔