دیر(مانند نیوز)ضلع لوئر دیر میں بھی یوم سیاہ کشمیر منایاگیا۔ یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ دیر لوئر کے زیر نگرانی یوتھ ڈیپارٹمنٹ، سپورٹس، ٹی۔ایم۔ اے تیمرگرہ اور محکمہ تعلیم کے تعاون سے پروگرام اور واک کا انعقاد کیاگیا۔ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں 27 اکتوبر 2024 کوڈسٹرکٹ اسمبلی ہال بلامبٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ گوہر علی اور اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ زید صافی کے زیر نگرانی یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام میں ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ملک شہزاد طارق، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول بلامبٹ سلیم خان، گورنمنٹ ہائی سکول میاں بانڈہ کے وائس پرنسپل عبدالودود خان، شہزاد درانی ڈسٹرکٹ انچارج سیول ڈیفنس، ٹی۔ایم۔ اے تیمرگرہ کے نمائندوں، محکمہ جات کے آفسران، سیول ڈیفنس کے رضا کاروں، اساتذہ کرام، طلبا وطالبات، میڈیا کے نمائندوں، سول سوسائٹی، ہیومن رایٹس ایکٹوسٹ، سماجی کارکن ملک ضیا الحق اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے شروع ہوا۔ ضلعی انتظامیہ نے یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے ڈاکومنٹری پیش کی جبکہ سکول کے بچوں نے ملی نغمے،نظم اور تقاریر پیش کی۔ یوتھ ڈیپارٹمنٹ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ہوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے تصویریں نمایش کا اہتمام کیا۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کو دبانے پر شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے اسی دن 27 اکتوبر 1948 کو کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی۔ بعد ازاں کشمیر کا خصوصی حیثیت ارٹیکل 370 اور 35 اے کے ذریعے ختم کر دیا۔ جس کی وجہ سے کشمیری آج تک اپنے گھروں میں محصور ہے۔ عالمی برادری کشمیر کے حوالے سے منصفانہ کردار ادا کریں اور اپنے قراردادوں پر عمل در عمل یقینی بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں کھلے عام عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے۔کئی سالوں سے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ ٹوٹ رہے ہے۔ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی عوام آپ کے شانہ بشانہ کھڑے تھے،کھڑے ہیں،اور کھڑے رہیں گے۔ مقررین نے کہا کہ ہندوستانی سرکار ریٹائرڈ ملازمین کوکچھ مراعات کا لالچ دیکر مقبوضہ کشمیر میں آباد کررہے ہیں تاکہ کسی طریقے سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا جائے۔ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر شہزاد خان نے کہا کہ اس یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیری بھائیوں کو یہ یقین دلانا ہے کہ تمام پاکستانی خاص کر نوجوان ہر فورم پر کشمیر کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ اچھی، تقاریر، ملی نغمے پیش کرنے اور تصویری نمائش میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے اسکول کے بچوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور ٹرافیاں تقسیم کی گئی۔دوسری جانب ضلع لوئر دیر کے سب ڈویژن ادینزئی میں بھی چکدرہ پریس کلب کے سامنے یوم یکجہتی کشمیر ڈے کہ حوالے سے طلبہ کا ایک واک منعقد ہوا۔ جس میں سید سردار بادشاہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ادینزائی، اور دیگر نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے شروع ہو کر مشران نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن ہم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے اسی دن 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر حملہ کیا تھا اور ان کے بنیادی حقوق کو پامال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت آج کشمیروں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور 27 اکتوبر کے دن کو یوم سیاہ مناتے ہے۔یوم سیاہ کا مقصد کشمیری بھائیوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے تھے کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔آخر میں کشمیری عوام کے لیے غاصب ہندوستانی فوج سے نجات حاصل کرنے کے دعا مانگ کر واک کے شرکاء پر امن طور پر منتشر ہوئیں۔