پشاور (مانند نیوز) انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع فیکٹر ی میں ہونے والی آتشزدگی سے متعلق پیر کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ فیکٹری کی بحالی میں بھرپور تعاون کیا جائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی اے پی ایوب زکوڑی، صد ر ایس سی سی آئی فضل مقیم، گروپ لیڈر ایس سی سی آئی غضنفر بلور، ڈائریکٹر ڈینز انڈسٹریز اسماعیل جان اور سینئر نائب صدر آئی اے پی حارث مفتی نے کہا کہ ابتدائی طور پر آگ بجھانے والی چھ گاڑیاں کمپنی کی طرف سے فراہم کی گئیں لیکن پی ڈی اے کی جانب سے تعاون نہ ملنے پر بحالی کے کام میں سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ریسکیو 1122کی دو گاڑیاں حادثے کے 20منٹ بعد پہنچیں لیکن ان میں بھی ایک میں پانی نہیں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سپورٹ کیلئے این ڈی ایم اے کو بارہا درخواست کی گئی لیکن ان کی جانب سے مدد ملنے کے باوجود ان کا ہیلی کاپٹر رات کے اندھیرے میں کام کرنے کے قابل نہیں تھا اور یوں آگ پر جلدی قابو نہیں پایا جاسکا۔انہوں نے پی ڈی اے حکام کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کی مرکزی سڑک کی بندش سے بھی بحالی کے کام میں رکاوٹ آتی رہی۔مقررین کا کہنا تھا کہ اس دردناک واقعے کے دوران اعلیٰ حکام نے متاثرہ فیکٹری کا دورہ نہیں کیا، اس لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے گزارش ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور متاثرہ کمپنی سے ہر ممکن تعاون کریں۔