پشاور(مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے بدھ کے روز اپنے دفتر پشاور میں خیبر پختونخوا ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی دانگرام ہاؤ سنگ سکیم اور نیا پاکستان سکیم جلوزئی میں پلاٹوں کے حصول کے خوائشمند درخواست گزاروں کی کمپیوٹر رائزڈ قرعہ ادازی کی گئی۔اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عنبر علی ڈائریکٹر جنرل عمران وزیر اور محکمہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ مذکورہ ہاؤسنگ سکیم مینگورہ سوات سے5کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب کی جانب ایک پر فضا مقام پر واقع ہے اوریہ ہاؤسنگ منصوبہ تقریبا 500کنال رقبے پر محیط ہے۔ اس سکیم میں حاضر سروس،ریٹائرڈ ملازمین سمیت نجی سرکاری ملازمین اور عام عوام کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری اور بیواؤں کے لئے بھی کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔قرعہ اندازی کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی نے محکمے کے افسران کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخواہاؤسنگ اتھارٹی کی زیر نگرانی دیگر ہاؤسنگ منصوبوں کی طرز پر دانگرام ہاؤ سنگ سکیم کو بھی بنیادی اور ضروری سہولیات سے آراستہ کرتے ہوئے پایا تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ سکیم کے رہائیشیوں کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق بہتر طرز زندگی میسر آسکے۔ معاون خصوصی نے مزید ہدایت کی کہ جتنے بھی خوش نصیبوں کے پلاٹس قرعہ اندازی میں نکلے ہیں وہ اپنی اقساط کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنا ئیں تاکہ یہ منصوبے کامیابی سے ہمکنار ہو اور محکمہ کو اس منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹر امجدعلی نے قرعہ اندازی میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کو بہتر سے بہتر رہائشی سہولیات فراہم ہوں اور اس مقصد کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔