اورکزئی (مانند نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان نے ضلع اورکزئی کے ہیڈ کوارٹرز کلایہ کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے گذشتہ روز پولیو ڈیوٹی کے دوران دہشت گردوں کیساتھ مقابلے میں شہادت پانے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے شہدائکے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کلایہ پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔واضح رہے کہ گذشتہ روز پولیو مہم کی ڈیوٹی کے دوران مقابلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دو پولیس اہلکار عبدالحمید اور ذامل باد شاہ جرات و بہادری کی مثال بن کر لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہو ئے تھے۔ آئی جی پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پولیس شہدائکو کروٹ کروٹ جنت الفردوس عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کے افراد کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و تحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔شہدائکے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہاکہ دونوں پولیس شہدائفورس کا قیمتی اثاثہ تھے اور ان کی بے مثال بہادری پولیس میں مدتوں یاد رکھی جائیگی۔ آئی جی پی نے کہا کہ دونوں اہلکاروں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کامقابلہ کیا اور شہادت پانے سے پہلے پہلے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے بہترین پیشہ ورانہ پولیسنگ کی نئی مثال قائم کی۔ آئی جی پی نے دونوں پولیس اہلکاروں کی جان پر کھیل کر کارکردگی کو فورس کے جوانوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ آئی جی پی نے اس موقع پر شہید زامل بادشاہ کے دونوں بیٹوںکیساتھ شفقت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے شہدائپیکج کے تحت مفت تعلیم اور دیگر تمام مراعات کا اعلان بھی کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ دونوں پولیس شہدائکی عظیم قربانیوں کے پیش نظر ان کے نام صدارتی گولڈ میڈل کے لیے سفارش کیساتھ وفاقی حکومت کو بھیجوا رہے ہیں۔ بعد ازاں آئی جی پی نے دہشت گردی کیخلاف سینہ سپر دیگر پولیس افسران و جوانان جن میں دو ڈی ایس پیز، ایس ایچ او اور سپاہی شامل تھے کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں آئی جی پی نے اورکزئی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے کم وسائل اور کئی ایک مشکلات کے باوجود ہر آزمائش کی گھڑی میں دہشت گردوں کو دندان شکن شکست سے دو چار کیا ہے۔ اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ضلع میں امن و آمان کے قیام کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ آئی جی پی نے اورکزئی پولیس کو APC، اسلحہ و ایمونیشن اور سابقہ خاصہ دار فورس کے پنشن کے مسائل حل کرانے کا بھی یقین دلایا۔ اس موقع پر آئی جی پی نے ضلع اورکزئی پولیس کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں ضلع اورکزئی میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس کے شرکائکو ضروری ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں آئی جی پی نے سی ٹی ڈی آفس، سپیشل برانچ، کلایہ پولیس اسٹیشن اور زیر تعمیر کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اور تفصیلی معائنہ کے بعد ڈی پی او کو چند ایک ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی سی اورکزئی اور ڈی پی او اورکزئی بھی اس موقع پر آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔