پشاور(مانند نیوز)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنے تمام ادوار میں صحافیوں کی فلاح و بہبود پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے اور اب بھی اسی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کے تعلیمی کارڈز کے منصوبے میں صحافیوں کے بچوں کو بھی شامل کرنے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے جبکہ لائف انشورنس منصوبے میں صحافیوں سمیت صوبے کی تمام آبادی شامل ہو گی۔ صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے لیے عالمی ادارے کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ جعلی وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بے گناہ پابند سلاسل کیا ہوا ہے اور انہیں توڑنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ جعلی وفاقی حکومت کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود پارٹی مزید مضبوط اور عوامی پزیرائی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ عمران خان پر قائم تمام جعلی مقدمات آئندہ ڈیڑھ ماہ میں ختم ہو جائیں گے۔ مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس ثاقب خان، جنرل سیکرٹری عاطف قیوم،صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد شاہد چوہدری، جنرل سیکرٹری سردار شفیق احمد، ریجنل سپورٹس آفیسر احمد زمان،ضلعی سپورٹس آفیسر، ایبٹ آباد پریس کلب اور یونین آف جرنلسٹس کابینہ کے عہدیداران اور جنرل باڈی کے اراکین موجود تھے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی خود کو صحافیوں سے الگ نہیں سمجھا۔ وہ صحافیوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ صوبائی حکومت وزیراعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں پریس کلبز اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اور حقیقت پسندانہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ پریس کلبز کو خطیر رقوم پر مشتمل گرانٹس کی فراہمی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ صوبائی حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے جو کچھ کر سکتی ہے کرے گی۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے ادوار میں صحافیوں کے مسائل کے حل پر سب سے زیادہ توجہ دی اور آئندہ بھی صحافیوں کے مشورے سے اسی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جاتے رہیں گے۔ صوبائی حکومت صحافیوں کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ میں بھی اضافہ کرنے جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صحافی اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کے صحافیوں کے لیے میڈیا کالونی کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے اس منصوبے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اس میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ مشیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ وہ ایبٹ آباد پریس کلب کو صوبے کا سب سے متحرک پریس کلب دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تحفظ کے لیے قانونی سازی اور ریفارمز لانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام صحافی برادری آگے بڑھے اور صوبائی حکومت کا ساتھ دے۔ اس سلسلے میں صحافی برادری خود تجاویز تیار کرکے حکومت کو پیشِ کرے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں صحافیوں کے تحفظ اور فلاح کے لیے اُٹھائے گئے بعض حکومتی اقدامات کو غلط رنگ دیا جاتا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنی انشورنس کمپنی جبکہ بجلی کی ترسیل کے لیے ٹرانسمیشن کمپنی بنا رہی ہے جس سے عوام کو سستی بجلی مہیا ہو گی اور بجلی کی قیمت صوبائی سطح پر کم کر سکیں گے جس کا آئین بھی حق دیتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بے گناہ جیل میں بند ہیں۔ جعلی وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی کو توڑنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ جعلی وفاقی حکومت نے جتنا ظلم کرنا تھا کر چکی تاہم اس ظلم سے پارٹی مزید مضبوط ہوئی ہے اور اس کی عوامی پزیرائی میں اضافہ ہوا ہے۔ عوام عمران خان کے نظریہ کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ موجودہ جعلی وفاقی حکومت کی حالت نقل کرکے پاس ہونے والے طالب علم جیسی ہے۔ بیرسٹر سیف نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ڈیڑھ ماہ میں عمران خان پر قائم تمام جعلی مقدمات ختم ہو جائیں گے۔ دریں اثناء بیرسٹر سیف نے ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس کے اسپورٹس گالا کی ٹرافیز رونمائی کی جبکہ منعقد رشہ کشی کا مقابلہ بھی دیکھا۔