دیر(مانند نیوز )ڈپٹی کمشنر دیر لوئر محمد عارف خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بشیر خان نے مختلف سکولوں کا وزٹ کرکے طلباء کو ڈی ورمنگ کی گولی کھلا کر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ڈی ورمنگ مہم 04 نومبر سے 08 نومبر تک جاری رہے گی۔ اس پروگرام کے تحت سکولز میں بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی دوا کھلائی جائے گی۔ اس مہم میں تمام سرکاری سکول، پرائیویٹ سکول اور مدارس حصہ لیں گے۔ تربیت یافتہ اساتذہ بچوں کو سکولز میں دوا کھلائیں گے اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بشیرخان نے کہا کہ بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ڈی ورمنگ انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے بچوں کی صحت اور تعلیمی سرگرمیوں پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ سالانہ بڑے پیمانے پر بچوں کے پیٹ کے کیڑے مارنے کی مہم بچوں کی جسمانی اور علمی نشونما کے لیے اہمیت کی حامل ہے اس سے بچوں کے جسم میں انفیکشن کے خلاف مزاحمت پیدا ہوگی،بچوں کی اسکول کی کارکردگی بہتر ہوگی،حکومت پاکستان کی صحت کی اولین ترجیحات میں غذائیت اور خون کی کمی کا خاتمہ شامل ہے، جس کے لیے ڈی ورمنگ تیز، آسان اور محفوظ ترین طریقہ علاج ہے،انہوں نے اساتذہ سے کہاہے کہ وہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ تعاون کریں۔