ملاکنڈ (مانند نیوز)وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے ”عوامی ایجنڈا” پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ملاکنڈ درگئی محمد علی نے عطائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس سلسلے میں انھوں نے درگئی بازار میں کلینکس اور میڈیکل سٹوروں کا دورہ کیا اور وہاں پر رجسٹریشن، ڈگری وغیرہ چیک کئے۔ اسسٹنٹ کمشنر درگئی نے کہا کہ تحصیل درگئی میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،غیر قانونی کلینکس بنانے اور عطائی ڈاکٹروں کو پریکٹس کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہے۔ خلاف ورزی پر حسبِ ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر کے ہدایات پر صوبائی ڈرگ انسپکٹر ملاکنڈ نے اختر غونڈی بٹ خیلہ میں میڈیکل سٹورز کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران پینٹاسین (پینٹازوسین) انجیکشنز کو قبضے میں لئے گئے جو لائسنس کے بغیر اور خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ ہونے کے باعث فروخت اور ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ اور غیر ضروری دوائیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ میڈیکل سٹور کو سیل کر کے ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔