ایبٹ آباد (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے میں پانی کی نکاسی اور سیوریج کے مسائل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایکسین ایریگیشن ایبٹ آباد نے تفصیلی بریفنگ دی جس میں ایبٹ آباد شہر کے مختلف حصوں میں پانی کی نکاسی کے مسائل، سیوریج کے مسائل، نالوں کی صفائی، اور سیوریج کے نظام میں درپیش چیلنجز اور ممکنہ حل پیش کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ذریعے سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو صاف و محفوظ ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ شہر میں نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔