کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے یقین دلایا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کوہاٹ مسیحی برادری کے مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کریگی اور اس کے قبرستان سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے حتی المقدور کوشش کرے گی۔ یہ یقین دہانی انہیں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کی زیر صدارت مسیحی برادری کے مختلف مسائل کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کرائی۔مسیحی برادری نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مسائل بشمول قبرستان تفصیل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور اس کو آگے لے جانے اور اس کی ترقی میں ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامی افسران کی موجودگی میں ان کے مسائل کو متعلقہ فورم کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور انتظامیہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بحالی و تحفظ، تعمیر نو اور سماجی خدمات کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دے گی۔