پشاور(مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ تعلیم کو عصر حاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق بہترین افرادی قوت پیدا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کی نئی عمارت کے افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصیرالدین نے بھی خطاب کیا اور اپنے مستقبل کے لائحہ عمل اور ترجیحات کے علاوہ مسائل و مشکلات کے بارے میں بھی بتایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال، رکن قومی اسمبلی شاہد خان خٹک، چیئرمین ڈیڈاک کرک خورشید احمد خٹک ایم پی اے، یونیورسٹی کے پروفیسرز، طلبہ اور پارٹی کی ضلعی قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ضلع کرک میں خواندگی کی شرح انتہائی حوصلہ افزا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ریسرچ بیسڈ تعلیم کو عام کیا جائے تاکہ بہترین سکالرز پیدا ہوں۔صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔مینا خان آفریدی نے کہا گو کہ ہمیں وفاقی حکومت کی جانب سے وہ سپورٹ نہیں مل رہی جو ہونا چاہیے تھا جس کی وجہ سے صوبے میں معاشی مسائل ہیں لیکن اس کے باوجود بہترین اور باصلاحیت نسل تیار کرنے کیلئے موجودہ حکومت عمران خان کی وژن کے مطابق اپنے یوتھ پر انوسٹ کرے گی اور تعلیمی معیار پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گی۔وزیر تعلیم نے کہا کہ عمران خان کو جیل میں بھی اپنے عوام کی فکر لاحق ہے اور ان کی واضح ہدایات ہیں کہ تعلیم کو ہر حال میں سرفہرست رکھا جائے اور عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔جب عمران خان ہمارے لئے اتنے فکرمند اور دکھی ہیں تو قوم کو بھی ان کے 24 نومبر کے فائنل کال پر دل و جان سے لبیک کہنا چاہیے۔لہٰذا عمران کو ناحق قید سے رہائی کیلئے عوام ضرور 24 نومبر کو گھروں سے نکلیں۔