پشاور(مانند نیوز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے گزشتہ روز صوبے میں انسدادِ پولیو سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ڈی آئی خان، کوہاٹ، پشاور ڈویژن کے کمشنرز، ڈی جی ہیلتھ، پولیو کے صوبائی اور وفاقی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بل اینڈ ملینڈاگیٹس فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو مائیکل گالوے، یونیسف، ورلڈ ہیلتھ حکام بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔اجلاس کا مقصد صوبے میں سامنے آنے والے حالیہ کیسز کے تناظر میں پولیو سے نمٹنے کے لیے حکمت عملیوں اور اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔اجلاس کو ہیلتھ حکام نے متاثرہ بچوں، یونین کونسلز میں پولیو مہمات اور حالیہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبے کے بعض علاقوں میں پولیو کے کیسز میں حالیہ اضافے کے تناظر میں حکمت عملی کا اسر نو جائزہ لینے، مزید بہتر کرنے اور صحت عامہ کے اس اہم چیلنج سے نمٹنے کے لیے درکار مزید عوامی تعاون کے لئے حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں عوامی حمایت، تعاون اور شمولیت کو نہایت اہم قرار دیا اور ڈویژن و اضلاع کے حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ ابتک کے کامیاب اقدامات میں عوامی تعاون و شمولیت کا اہم کردار رہا ہے اور پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک یہ تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے خیبرپختونخوا کا دورہ کرنے پر بل اینڈ ملینڈاگیٹس فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پولیو مائیکل گالوے کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔