کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم بااللہ شاہ اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کی زیر نگرانی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“ کے تحت محکمہ زراعت، تحصیل کونسل کوہاٹ اور کوہاٹ کسان کونسل کے باہمی اشتراک سے ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں 400کسانوں کو گندم کی بیج، کھاد اور بیماریوں سے تحفظ کیلئے مطلوبہ ادویات فراہم کئے گئے۔اس موقع پر تحصیل ناظم گمبٹ ساجد اقبال کے علاوہ ترقی پسند کسانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوہاٹ نے”عوامی ایجنڈا“کے چیدہ چیدہ سرگرمیوں کا تفصیلاً ذکر کیا اور کسانوں کو یقین دلایا کہ حکومت بہترین پیداوار حاصل کرنے کیلئے اُن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اُنہوں نے آنے والی بہار کی شجر کاری مُہم کیلئے منتخب شدہ علاقوں میں مختلف قسم کے پودوں کی شجرکاری کیلئے ہونے والی منصوبہ بندی کے بارے میں بھی بتایا۔حکومت خیبرپختونخوا کی کسان دوست پالیسیوں کا ذکر کرتے ہُوئے کمشنر کوہاٹ نے کسانوں کو مال مویشی پالنے کی سہولیات سے آگاہ کیا۔کسانوں کو بتایا گیا کہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کی مدد سے ہر تحصیل میں کسانوں اور زمینداروں کی آگاہی اور معاونت کیلئے مسلسل پروگرام منعقد کرے گا۔ اسی طرح مال مویشیوں کی بیماریوں کی بروقت علاج اور امراض کی روک تھام میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ کسانوں کی نمائندگی کرتے ہُوئے کسان کونسل کے صدر نے”عوامی ایجنڈا“ کے تحت کسان دوست سرگرمیوں پر حکومت کا شُکریہ ادا کیا اور آنے والے شجر کاری مہم میں بڑے پیمانے پر رضاکارانہ خدمات کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء کمشنر کوہاٹ کی زیر صدارت خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے بھی اجلاس جس میں چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، ڈبلیو ایس ایس سی کوہاٹ اور یواے ڈی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، میں کے ڈی اے کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بعد ازاں کے ڈی اے کوہاٹ کے مختلف سیکٹرز کا سائٹس دورہ کرکے خیبر پختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور معیاری کام یقینی بنانے اور بروقت تکمیل کے احکامات جاری کئے۔