پشاور (مانند نیوز)ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا کے تحت انٹر ریجنل سکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ماہ رواں کے دوران21 سے لیکر 23 نومبر تک پشاور میں ہوگا۔منعقدہ ایونٹ میں صوبے کے تمام ریجنز کی ونر ٹیمیں شرکت کریں گی۔ قبل ازیں اس ایونٹ کی شروعات میں ابتدائی راؤنڈ میں انٹرا ڈسٹرکٹ مقابلے منعقد ہوئے جس کے بعد ریجنل ہیڈکوارٹرز میں سکولوں کے انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے منعقد کئے گئے۔ان مقابلوں کے بعد اب پشاور میں مذکورہ انٹر ریجنل مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں فاتح ٹیمیں حصہ لیں گی۔انٹر ریجنل ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے اس ایونٹ میں ونر اور رنر اپ آنے والی ٹیمیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی سطح کے انٹر سکول کرکٹ مقابلوں کے ایونٹ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔اس ایونٹ کے حوالے سے خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے نچلی سطح سے قدرتی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ایک اہم کوشش ہے جسکا انعقاد صوبائی محکمہ کھیل کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان میں اس ایونٹ کے ذریعے ہونہار کھلاڑی سامنے آئیں گے جو مستقبل میں ملک و صوبے کا نام روشن کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی یہ اولین کوشش ہے کہ کھیلوں کے حوالے سے میرٹ اور شفافیت کے تحت قدرتی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے ساتھ ساتھ انکی حوصلہ افزائی بھی کی جائے۔انھوں نے کہا کہ ہم صوبے میں تمام کھیلوں کے فروغ کو ترجیح دے رہے ہیں جن میں مختلف مقامی ثقافتی کھیل اور دیگر اہم عالمی کھیلیں شامل ہیں۔