کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ضلع کوہاٹ سے ملحقہ ضم تحصیل درہ آدم خیل میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور مقررہ مدت میں کام کی تکمیل یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے کوہاٹ میں ضلعی سطح پر منعقدہ ضم اضلاع کیلئے بنائی گئی صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، کوہاٹ پولیس، پاک فوج، تعلیم، صحت، سی اینڈ ڈبلیو اور دیگر متعلقہ محکموں اور اداروں کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کوہاٹ سے ملحقہ ضم تحصیل درہ آدم خیل کے نئے، جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے واضح ہدایات دیں کہ ہر محکمہ اور ادارہ ٹائم لائن کے مطابق اپنی رپورٹ اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کر کے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اس پر مکمل عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے دارالامان اورپناہ گاہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اور منیجر دارالامان کوہاٹ امجد آفریدی نے بالترتیب اداروں کے مینڈیٹ اور خدمات کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر حاضری، صفائی، مینو اور دیگر متعلقہ سہولیات کو بھی چیک کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عزم کے مطابق مستحق افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔