کوہاٹ (مانند نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت صوبے کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع کوہاٹ میں بھی 2 تا 9 دسمبر ”ہفتہ انٹی کرپشن” بھرپور طریقے سے منانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی کی زیرصدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ہفتہ انٹی کرپشن کیلئے تیاریوں کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد وقاص، ریجنل آفیسر انفارمیشن کوہاٹ ارشاد آفریدی،مختلف کالجوں کے پرنسپلز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر تمام محکموں اور اداروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور انہیں اپنے مجوزہ پروگرام ڈپٹی کمشنر آفس سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی۔ہفتہ انٹی کرپشن کے موقع پر گرینڈ سیمینار ڈسڑکٹ کونسل ہال میں منعقد ہو گا جس کے بعد واک بھی ہوگا جس میں مختلف مکتبہ فکر کے لو گ شریک ہوں گے۔ اسی طرح تما م محکمے اپنے دفتروں پر بینرز آویزاں کریں گے جن پر کرپشن کے ناسور کے خلاف نعرے درج ہوں گے۔علاوہ ازیں تعلیمی ادارے بھی موضوع پر خصوصی پروگراموں کا انعقا د کریں گے۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جس کی بیخ کنی ہم سب کی مذہبی اور قومی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں کرپشن پر روزانہ کی بنیاد پر مارننگ اسمبلی میں 5 منٹ تک خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد بھی شروع کیا جائے تاکہ کرپشن معاشرتی طور پر قابل نفرت فعل سمجھا جائے اور پاک و صاف معاشرہ تشکیل پا سکے۔