باجوڑ (مانند نیوز)ضلع باجوڑ میں ہفتہ انسداد بدعنوانی کا آغاز کردیا گیا۔ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر انتظامی آفسران کی زیرنگرانی ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں انسداد بدعنوانی کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینارزکاانعقاد کیا گیا۔ جس میں انتظامی افسران اور مختلف سکولوں کے طلباء نے بدعنوانی کے خلاف پیغامات پر مشتمل بینرز اٹھائے، جن کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ سکولوں میں بدعنوانی اور اس کے مضر اثرات کے بارے میں قرآن و احادیث کی روشنی میں مارننگ اسمبلی سیشنز میں خصوصی طور پر آگاہی/شعور اجاگر کیا گیا۔ تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگراموں کا مقصد بچوں کے ذہنوں میں یہ بات ڈالنی ہے کہ بدعنوانی ایک قابل نفرت فعل اور ناسور ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی زیرنگرانی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آگاہی مہم رواں پورا ہفتہ جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کے اعلامیہ کے مطابق 02 دسمبر سے 09 دسمبر 2024، ہفتہ انسداد بدعنوانی منایا جا رہا ہے۔