ملاکنڈ (مانند نیوز)ضلع ملاکنڈ میں ہفتہ انسداد بدعنوانی کا آغاز کردیا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات پر عمل درآمد کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن کی ہدایت پرمحکمہ تعلیم ملاکنڈ کے زیر نگرانی گورنمنٹ ہائی سکول بدرگہ اور تھانہ کے طلباء نے بدعنوانی کے خلاف مہم چلائی جس کا مقصد معاشرے میں بدعنوانی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔ اس مہم کے دوران طلباء نے تقاریر، پوسٹرز اور نعروں کے ذریعے عوام کو بدعنوانی کے نقصانات اور اس کے منفی اثرات سے آگاہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ بدعنوانی نہ صرف معاشرتی ترقی میں رکاوٹ ڈالتی ہے بلکہ یہ اخلاقی طور پر بھی نقصان دہ ہے۔ اس مہم کا مقصد نوجوان نسل میں ایمانداری اور شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔